اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق القاعدہ کے عناصر نے کل عدن ایئر پورٹ پر حملہ کیا جس کے بعد ان کے ساتھ یمن کی فوج اور عوامی کمیٹیوں کی شدید جھڑپ ہوئی- اس جھڑپ میں القاعدہ کے بیس عناصر ہلاک ہوگئے-
دوسری جانب فوج اور عوامی کمیٹیوں نے العطیف کے علاقے میں واقع دو فوجی اڈوں سے القاعدہ اور حزب الاصلاح کے عناصر کو نکال باہر کیا ہے- یمن کی فوج اور عوامی کمیٹیوں نے صوبہ مآرب میں القاعدہ کے دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں ان کو اس علاقے سے حضرموت کی جانب پسپائی پر مجبور کر دیا- یمن کی عوامی انقلابی تحریک انصار اللہ کے مجاہدین نے بھی کہا ہے کہ انھوں نے نیٹو کی جانب سے القاعدہ دہشتگرد گروہ کےلئے بھیجے جانے والے بہت سے ہتھیار، غنیمت کے طور پر اپنے قبضے میں لے لئے ہیں- یمن میں جنگ ایسی حالت میں جاری ہے کہ جب جنوبی صنعا کے علاقوں اور لحج کے مرکز پر سعودی عرب کے جنگی طیاروں کی شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے-
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے ان حملوں کے دوران صوبہ حجۃ میں واقع حرض میں ایک سرکاری عمارت اور سڑکوں کی حفاظت سے متعلق ایک ادارے کے ہیڈکوارٹر پر بمباری کی ہے- یمن کے خلاف سعودی عرب کی جارحیت میں اب تک دو ہزار پانچ سو سے زیادہ افراد شہید اور چار ہزار سے زیادہ زخمی ہوچکے ہیں- یمن کے خلاف سعودی عرب کی جارحیت جاری رہنے کی وجہ سے اس ملک کے ہسپتال بھی بند ہوتے جا رہے ہیں-
یمن کی وزارت صحت کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس ملک کے ستّر فیصد ہسپتال، طبّی وسائل کے فقدان کی وجہ سے بند ہونے کے قریب ہیں- اقوام متحدہ نے بھی کہا ہے کہ سعودی عرب کے حملوں کے نتیجے میں تین لاکھ سے زیادہ یمنی شہری بے گھر ہو چکے ہیں-
.......
/169